پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی حج پرواز پی کے 839 نے ریاض ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی،پی آئی اے کی پرواز کو ہائی ٹمپریچر کی وارننگ کے باعث ہنگامی طور پر لینڈ کرا یا گیا،حج پرواز کے مسافر کے مطابق دوران پرواز طیارے میں دھماکے کی آواز سنی گئی ۔دھماکے کی اطلاع پر پرواز کا رخ جدہ سے موڑ کر ریاض ائیرپورٹ کی طرف کیا گیا جہاں طیارے نے لینڈنگ کی۔
ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد طیارے سے تمام مسافروں کو اتارکر لاونج میں منتقل کیا گیا۔پی آئی اے ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی حج پرواز رات 10 بجے کراچی سے جدہ کیلئے روانہ ہوئی تھی، دوران پرواز طیارے کے کارگو کیبن میں ہائی ٹیمپریچر کی وارننگ آئی۔ وارننگ کے بعد پرواز کو جدہ سے رخ تبدیل کرکے ریاض ائیرپورٹ پر اتارا گیا۔
پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے کی جانچ کے بعد ہائی ٹیمپریچر وارننگ غلط ثابت ہوئی اورسرسری جانچ کے بعد پرواز پی کے 839 کو دوبارہ جدہ کیلئے روانہ کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل پی آئی اے کی اسلام آباد سے ٹورنٹوجانے والی پرواز کو فنی خرابی کے باعث کراچی اتار لیاگیاتھا۔پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کی ٹورنٹو جانے والی پروازپی کے 781میں فنی خرابی کی نشاندہی ہونے پر کیپٹن نے طویل پرواز جاری رکھنے اور بحر اوقیانوس پر پرواز کرنے کی بجائے واپسی کو ترجیح دی تھی اور جہاز کو کراچی ائیرپور ٹ اتارنے کا فیصلہ کیاتھا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پرواز پی کے 781 اسلام آباد سے ٹورنٹو روانگی کے بعد روس کی فضائی حدود میں تھی کہ فنی خرابی پیدا ہوگئی تھی جس پر بوئنگ 777 طیارے کا رخ کراچی کی طرف موڑ دیا گیاتھا۔ پرواز نے روانگی کے 10 گھنٹے بعد کراچی لینڈ کیاتھا۔انجینئرنگ بیس پر بہتر انتظامات اور پرزہ جات کی دستیابی کے باعث طیارے کو کراچی اتارا گیاتھا۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں